مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت سے تنگ عوام ہر جنگ کے لیے تیار ہیں، لیاقت بلوچ

0
316

نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ جماعت اسلامی اور پی ڈی ایم کے جلسوں اور عوام میں حکومت کے خلاف بڑھتے غم و غصہ سے عمران خان سرکار بوکھلا چکی ہے ۔ بھان متی کا کنبہ جھوٹ ، فریب کاری اور ریاستی طاقت سے حالات کو اپنے حق میں کرنا چاہتاہے ۔ حکومت ناکام و نااہل ہو اور بہتری کے کوئی آثار نہ ہوں تو ڈوبتی کشتی سے سب جدا ہوتے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان مخالفین کے بارے میں نازیبا ، توہین آمیز الفاظ اور رویہ اپنائے ہوئے ہیں ۔ یہ سیاسی دہشتگردی اور انتقام پیداکرتی ہے جس سے جائز ناجائز ، آئینی و غیر آئینی تمیز ختم ہو جاتی ہے ۔ حکومتوں کو آئینی تحفظ گڈ گورننس سے ہی ملتاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت سے تنگ عوام ہر جنگ کے لیے تیار ہیں ۔

لیاقت بلوچ

انہوں نے کہاکہ کرونا وباءکی شدت کے بارے میں حکومتی پراپیگنڈا صرف اپوزیشن سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ہے ۔ اقتصادی تباہی اور غذائی قلت کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں لیکن حکومت کی کرونا کی دوسری شدید لہر میں بھی قومی حکمت عملی اور قومی لائحہ عمل کے لیے کوئی اقدام نہیں ۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس سے زیادہ بے حس اور غیر منظم و نااہل حکومت کبھی نہیں آئی ۔ عوام اور ریاستی اداروں کا سب سے زیادہ نقصان ہورہاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ خطہ میں امن مسئلہ کشمیر کے حل اور افغانستان سے تمام بیرونی قوتوں کی بے دخلی کے ساتھ جڑاہواہے ۔ امریکی عزائم اور انڈیا کے فاشزم ، فاشسٹ اقدامات کے مقابلہ میں عمران خان سرکار کی کوئی حکمت عملی نہیں اور نہ ہی قومی اتفاق رائے سے کوئی قومی ایکشن پلان ہے ۔ حکومت مسلسل کشمیریوں کو مایوس اور کشمیر پر سودی بازی کا منفی اور جان لیوا پیغام دے رہی ہے ۔  دریں اثنا لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم سیاست کے نامور ، محب وطن ، شائستہ ، وضع دار اور تجربہ کار سیاست دان سے محروم ہو گئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اعلیٰ درجات اور پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے ۔ 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here